پاکستان اور ترکیہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔
اس عزم کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان انقرہ میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اقتصادی تعاون ، مشترکہ منصوبوں اور دو طرفہ سرمایہ کاری کے ذریعے اقتصادی شراکت داری بڑھانے کی اہمیت پرزوردیا۔
انہوں نے توانائی ، کان کنی، دفاع اور زرعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کے امکانات سمیت تجارت کو فروغ دینے اورعوامی سطح پروفود کے تبادلوں کے ذریعے علاقائی اور دو طرفہ روابط میں اضافے اور مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی جیسی جدید ٹیکنالوجیزمیں تعلقات کی اہمیت کو اجاگرکیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قومی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے غزہ میں انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرہ علاقوں کے لئے امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان اور ترکیے کے درمیان تذویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔