Saturday, 27 July 2024, 05:52:38 am
ڈھونگ پارلیمانی انتخابات،مقبوضہ وادی میں سکیورٹی کے نام پر پابندیاں مزید سخت
May 24, 2024

بھارتیہ جنتاپارٹی کے زیرقیادت بھارتی حکومت نے ڈھونگ پارلیمانی انتخابات کے ایک اور مرحلے سے قبل جموںوکشمیر کے اسلام آباد، کولگام، شوپیاں، راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی کے نام پرپابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد۔راجوری کے پارلیمانی حلقے میں کل پولنگ ہوگی۔

مودی حکومت نے اس حلقے میں انتخابات کوایک فوجی آپریشن میں تبدیل کر دیا ہے۔جہاں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ، نگرانی میں اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ حلقہ ایک جنگی علاقے کامنظر پیش کررہا ہے ، جہاں تمام اضلاع میں بھارتی فوج اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکار تعینات ہیں۔ ادھرقابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج ایک بار پھر جامع مسجد سرینگرمیں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔ انجمن اوقاف جامع مسجد نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلسل چوتھی مرتبہ میر واعظ کو تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکا گیاہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے علاقے بیج بہاڑہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے 5 اگست 2019 کے بعد سے کشمیریوں کو بے اختیار کرنے کیلئے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کیخلاف زبردست آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔