Sunday, 05 May 2024, 04:55:02 am
حکومت نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے، وزیراعظم
April 25, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے حکومت کا یہ عزم ظاہر کیا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ انہیں ملک کا ایک قیمتی اثاثہ بنایا جا سکے۔

وہ طالبات کے لئے اطلاعاتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے بین الاقوامی دن کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں ICT میں طالبات کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی ہمیں ایک روشن مستقبل سے ہمکنار کرے گی اور ہم کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دینگے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں اور ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کمائیں۔

شہبازشریف نے اس بات کی تعریف کی کہ خواتین کی ایک بڑی تعداد تکنیکی شعبے سے وابستہ ہے۔

اس سے پہلے آئی ٹی کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی بہتری کے لئے حکومت کی مختلف پالیسیوں اور کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان فری لانسرز اور جدت پسندی سے کام لینے والوں کو سہولتیں دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو فروغ دیں اور انہیں بین الاقوامی سطح پر رسائی حاصل ہو سکے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر خواتین اور لڑکیوں کو آئی ٹی کے شعبے میں ان کی خدمات پر تعریفی اسناد دیں۔