پاکستان اور بیلاروس نے تجارت اور صنعتی شعبے میں اشتراک عمل کے لئے ممکنہ مواقع تلاش کرکے ان میں سرمایہ کاری کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار صنعتوں اور پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین اور بیلاروس کے صنعتوں کے وزیر Aliaksandr Yafimua کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
رانا تنویر حسین نے خصوصاً صنعتی اور زرعی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں صنعتی تعاون بڑھانے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقین نے بیلاروس اور پاکستان کے درمیان کثیر جہتی شعبوں میں شراکت داری میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Aliaksandr Yafimua نے تجارتی مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ بیلاروس کی درآمدی اشیاء کی مالیت سترہ ارب بیس کروڑ ڈالر سالانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلاروس کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کو رسائی دی جائے گی۔