Saturday, 27 July 2024, 05:42:29 am
سات دہائیوں پر پاک چین دوستی کا سفر انفرادی حیثیت رکھتا ہے ، مرتضیٰ سولنگی
September 26, 2023

نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں ، سات دہائیوں پر پاک چین دوستی کا شاندار سفر انفرادی حیثیت رکھتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ٹی وی فیسٹیول کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے لئے آہنی برادر کا درجہ رکھتے ہیں، دونوں کے درمیان ثقافتی روابط صدیوں پرانے ہیں پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک سے یہ روابط مزید مستحکم ہوئے ہیں

انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے مابین تاریخی معاشی تعاون کی شکل اختیار کئے ہوئے ہے پاکستان نے 2023کو دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تبادلوں کا سال قرار دیا ہے اس کا مقصد عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوام کے باہمی فائدے کیلئے متحرک سیاحت اور ثقافتی ماحولیاتی نظام تشکیل دینا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) خطے کے رکن ممالک کے لئے سماجی، اقتصادی، مواصلات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں جامع اور پائیدار تعاون کے فروغ کے لئے مفید اور امید افزا پلیٹ فارم ہے

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو، ٹیلی ویژن اور دیگر آڈیو وژیول مصنوعات کے شعبوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے درمیان تعاون تنظیم کی کامیابی کا مظہر ہے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان میڈیا تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی میڈیا اور سوشل میڈیا میں تعاون عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ثقافتی وابستگی کو فروغ دینے کیلئے ایس سی او رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کو مشترکہ اشاعت اور دستاویزی فلموں سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیر اطلاعات نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور دیگر منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوسکتے ہیں ۔ مشترکہ پروڈکشنز ہمارے ممالک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔