Friday, 08 November 2024, 07:30:36 am
 
بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی ، کشمیری نوجوان شہید
July 27, 2024

فائل فوٹو

 بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوان کو آج صبح ضلع کے علاقے کمکاری ماچھل میں تلاشی اور محاصرے کی کاروائی کے دوران شہید کیا گیا۔

آخری اطلاعات آنے تک آپریشن جاری تھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو چیلنج کرنے کی پاداش میں نظر بند حریت رہنماں ، کارکنوں اور نوجوا نوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر قتل ،گرفتار، تشدد اور نوکریوں سے برخاست کیا جارہاہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آوازوں کو دبانے کے لئے نو آبادیاتی جنگی ہتھکنڈے استعمال کررہاہے۔

1989 ء سے بھارتی فورسز کے ہاتھوں آٹھ ہزار سے زائد کشمیری لاپتہ ہوچکے ہیں ان کے والدین نہیں جانتے کہ آیا ان کے پیارے زندہ ہیں یا پھر شہید کر دیئے گئے ہیں۔

ادھر ، اپنے سیاسی نظریات کے باعث اڑتیس سال جیل میں گزارنے پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کے عزم و ہمت کو سراہاگیا ہے۔