بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ تنازعہ کشمیر کوحل کرے اور بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں کہاکہ بہادر کشمیریوں نے کبھی بھی بھارت کے غیرقانونی اور جبری تسلط کوتسلیم نہیں کیا اور بھارتی مظالم کا مقابلہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیر پراپنا غیرقانونی قبضہ زیادہ عرصے تک جاری نہیں رکھ سکتا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط سے نجات حاصل کرلیںگے۔ترجمان نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادی کے حصول تک اپنی منصفانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں مظالم کا سلسلہ بڑھنے پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیراحمدشاہ، محمد یاسین ملک ، نعیم احمد خان اور آسیہ اندرابی سمیت حریت کانفرنس کی قیادت کو غیرقانونی طورپر زیرحراست رکھنے کی مذمت کی جو بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔