Saturday, 27 July 2024, 01:28:58 pm
حریت کانفرنس کا مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجیوں کے انخلا اور کالے قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ
March 29, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوجیوں کے مکمل انخلااور تمام کالے قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے یہ بیان بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ بیان کے ردعمل میں دیاجس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی حکومت جموں وکشمیر میں نافذ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کو منسوخ کرنے اور علاقے میں تعینات فورسز اہلکاروں کی تعداد میں کمی لانے پر غور کر رہی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے امیت شاہ کے بیان کو سیاسی چال قرار دیا جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے اور افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی رہنما ایک طرف کالے قوانین کو منسوخ کرنے کی بات کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف کشمیریوں کی گرفتاریوں، تشدد اور بے رحمانہ قتل کیلئے ان قوانین کا بے دریغ استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ادھر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کشمیریوں کو ان کی شناخت اور ثقافت سے محروم کرنے کے مذموم منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں قبل از اسلام کی ہند و تہذیب و تمدن کوزندہ کرنے کے آر ایس ایس اور بی جے پی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔رپورٹ میں کشمیریوں پر زور دیا گیا کہ وہ تحریک آزادی اور کشمیریوں کی شناخت کیخلاف مودی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں ۔