Monday, 16 September 2024, 11:50:59 pm
 
حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کی تیسری برسی کل منائی جائے گی
August 31, 2024

قائد حریت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مزاحمتی تحریک کی علامت سید علی گیلانی کی تیسری برسی کل منائی جائیگی۔

سید علی گیلانی حیدر پورہ سرینگر میں میں اپنی رہائش گاہ پر نظر بندی کے دوران یکم ستمبر 2021کو انتقال کرگئے تھے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں پرُامن مظاہرے کریں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

مقبوضہ جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں سے قائد حریت سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے اور یہ تجدید عہد کرنے کی اپیل کی گئی ہے کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ذاتی فائدے کے لیے بھارتی حکام سے تعاون کرنے والے لوگوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے اپنے ہی لوگوں کے ساتھ غداری قرار دیا ہے۔

سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہاکہ کشمیری گزشتہ 77سال سے بھارتی قبضے میں مشکلات برداشت کر رہے ہیں،انہوں نے ظلم کے خلاف کھڑے ہونے پر زوردیا۔

دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے راجوری، پونچھ، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن، ریاسی اور کٹھوعہ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی پرُتشدد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

وادی کشمیر میں کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، پلوامہ، شوپیاں، اسلام آباد اور کولگام اضلاع میں بھی اسی طرح کی کارروائیاں جاری رہیں۔

ان کارروائیوں کے دوران فوجی زبردستی گھروں میں گھس گئے، خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیا اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی۔