بحری امور کے وزیر قیصر احمد شیخ نے بدھ کے روز اسلام آباد میں بحری امور کے قومی ادارے کا دورہ کیا ۔
انہوں نے زراعت ، کاروباری بحری جہازوں کی آمدورفت اور سیاحت جیسے اہم بحری شعبوں کی ترقی کیلئے مربوط سوچ پر زوردیا جس کا مقصد پاکستان کی بحری معیشت کو مستحکم کرنا ہے ۔
بحری امور کے وزیر کو دورے کے دوران بحری پالیسیوں کو شکل دینے اور تحقیق کے فروغ میں NIMA کے کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
NIMAکے حکام نے پاکستان کے بحری شعبے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ بحری شعبے کا ملک کی مجموعی پیداوار میں اشاریہ دو فیصد سے کم حصہ ہے جو آٹھ تا دس فیصد کے عالمی معیار سے انتہائی کم ہے ۔
وفاقی وزیر نے NIMA کے مشن میں مدد دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بحری معیشت کی ترقی میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہم ملکر کام کریں تو پاکستان عالمی بحری شعبے میں اپنی موجودگی مستحکم اور بحری معیشت کی استعداد کار کا ادراک کرسکتا ہے۔