Thursday, 31 October 2024, 03:13:04 am
 
پاکستان،روس کا بحری تحفظ اور ٹیکنالوجی میں دوطرفہ تعاون مستحکم کرنے پر اتفاق
October 30, 2024

پاکستان اور روس نے سمندری تحفظ اور بحری ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے  بدھ کے روز اسلام آباد میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل Alexander V.Fomin کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، علاقائی سمندری تحفظ کی صورتحال اور باہمی بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے دوطرفہ تربیت، بحری جنگی جہازوں کے دوروں اور دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت بھی کی۔

ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان روسی فیڈریشن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور طویل کثیرجہتی شراکت داری کا خواہشمند ہے۔

روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع نے خطے میں سمندری سلامتی کیلئے پاک بحریہ کی مسلسل کوششوں اور پختہ عزم کو سراہا۔