Sunday, 05 May 2024, 12:20:32 am
او آئی سی، کشمیر بارے قرارداد کی متفقہ منظوری پاکستان کی فتح ہے، وزیرخارجہ
November 30, 2020

فائل فوٹو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کی جانب سے کشمیر سے متعلق قرارداد کی متفقہ منظوری پاکستان کی فتح ہے۔

پیر کے روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے ستاون رکن ممالک بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے پہلے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا کہ کشمیر اجلاس کے ایجنڈے پر نہیں ہے۔ اگر ایسا تھا تو پھر اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیر کے بارے میں قرارداد کیسے منظور کی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا آئندہ اجلاس پاکستان میں ہو گا۔متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے برادر ملک کے ساتھ شاندار اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔