کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ تین سو ستر کی منسوخی کے پانچ سال مکمل ہونے پر پانچ اگست کو ''یوم استحصال کشمیر''کے طورپر منائیں۔
مودی حکومت نے پانچ اگست دو ہزار انیس کودفعہ تین سو سترختم کرکے مقبوضہ علاقے کا فوجی محاصرہ کرلیاتھاجس کے بعد بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورسیاسی رہنمائوں اورکارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔
حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں 5اگست2019کے اقدامات کی منسوخی ، سیاسی رہنمائوں کی رہائی، بھارتی فوج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے اورتنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
غیرقانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی نے بھی جیل سے ایک پیغام میں 5اگست کو کشمیر کی تاریخ کا ایک دردناک اور المناک دن قراردیاہے۔
ادھربھارتی فوج نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کاسلسلہ جاری رکھا۔
بھارتی فوج اورپیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے پونچھ، راجوری ، کشتواڑ اورڈوڈہ اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں کیں اور کئی لوگوں کو گرفتار کیا۔