جنگ ستمبر 1965 کے نویں روز لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل اور میجر محمد اشرف خان نے دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
میجر محمد اشرف خان کا تعلق سپورٹ بٹالین سے تھا اور ان کی ذمہ داریوں میں سیالکوٹ کا دفاع شامل تھا۔ آٹھ ستمبر کو اس بٹالین نے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔
نو ستمبر کو بھارتی فوج نے سیالکوٹ کینٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی۔ اطلاع ملنے پر میجر محمد اشرف خان نے دشمن کی پیش قدمی روکنے کے لیے کارروائی کی اور دشمن کے دو ٹینک تباہ کر دیے۔
وہ اپنی جیپ پر میدان جنگ کا جائزہ لے رہے تھے کہ دشمن کی فائرنگ کی زد میں آکر شہید ہوگئے۔
لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل آرمر رجمنٹ کی قیادت کر رہے تھے۔ انہوں نے قصور کی جانب پیش قدمی کرنے والی بھارتی فوج کو بہادری سے بارڈر کی جانب دھکیل دیا اور آٹھ ستمبر کو کھیم کرن سیکٹر پر قبضہ کرلیا۔
نو ستمبر کو انہوں نے وال تھوا ریلوے سٹیشن پر قبضہ کرنے کی کارروائی شروع کی اور دشمن کی شدید مزاحمت کے باوجود کامیابی حاصل کی۔
ریلوے سٹیشن کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بھارتی فوج نے دوبارہ قبضے کے لیے بھرپور حملہ کیا۔ اس حملے کے خلاف دفاع کے دوران لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل شہید ہوگئے۔
لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل کو بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
میجر محمد اشرف خان اور لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل کی لازوال قربانیاں جنگ ستمبر 1965 کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔