Friday, 11 September 2026, 03:14:24 pm
 

مزید خبریں

 
آزاد کشمیر: فائرنگ سے زخمی رینجرز اہلکار دورانِ علاج شہید
September 10, 2026

 آزاد کشمیر میں تراڑ کھل روڈ پر کلیئرنس آپریشن کے دوران فسادی جتھے کے مسلح حملے میں زخمی ہونے والا رینجرز اہلکار سپاہی آصف حسین دورانِ علاج جام شہادت نوش کر گیا۔

تراڑ کھل روڈ کی کلیئرنس کے دوران فسادی جتھے کے سنائپرز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سپاہی آصف حسین شدید زخمی ہو گیا۔

4 ستمبر کو زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار کو فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس نے 10 ستمبر کو دورانِ علاج جام شہادت نوش کیا۔

آمد و رفت میں شدید مشکلات اور غذائی قلت کے پیش نظر علاقہ مکینوں کے پُرزور مطالبے پر بند راستے کھولنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا تھا۔

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق فسادی جتھے کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف جدید اسلحے اور بارودی مواد کا استعمال باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پھیلائی گئی دہشتگردی ہے۔

ماہرین نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیاں اس حقیقت کی غماز ہیں کہ ریاستی رٹ کا ہر حال میں قیام اور تحفظ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث مسلح جتھوں کے خلاف فوری، سخت اور بلاامتیاز قانونی کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔