کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، کراچی نے 08 ستمبر 2026 کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 212 کلوگرام حشیش (چرس) برآمد کرلی۔
مصدقہ معلومات کی بنیاد پر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (ASO) کی سپر ہائی وے چیک پوسٹ کی ٹیم نے 07/08 ستمبر 2026 کی درمیانی شب لیاری ایکسپریس وے پر حسن اسکوائر انٹرچینج کے قریب رجسٹریشن نمبر CBQ-843 کی حامل مشتبہ ٹویوٹا پریمیو کو روکنے کی کوشش کی۔ گاڑی نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی اور آغا خان ہسپتال کی جانب روانہ ہوگئی۔ تعاقب کے دوران مذکورہ گاڑی نیشنل اسٹیڈیم سگنل کے قریب کسٹمز ویگو، رجسٹریشن نمبر GP-293 سے ٹکرا گئی۔ تعاقب کے دوران کسٹمز ٹیم پر مشتبہ پائلٹ گاڑیوں سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
مشکل اور خطرناک صورتحال کے باوجود کسٹمز اہلکاروں نے تعاقب جاری رکھا اور بالآخر آغا خان ہسپتال سگنل کے قریب مذکورہ گاڑی کو روکنے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں گاڑی کو مزید تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے سپر ہائی وے چیک پوسٹ منتقل کیا گیا۔
گاڑی کی مکمل تلاشی کے دوران اس کے ڈِگی سے حشیش کے 212 پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں سے ہر پیکٹ کا وزن تقریباً 1 کلوگرام تھا۔ اس طرح برآمد ہونے والی حشیش کی مجموعی مقدار 212 کلوگرام رہی۔
برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر کے اندراج سمیت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، کراچی اسمگلنگ اور منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ کلکٹریٹ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں اور مؤثر فیلڈ آپریشنز کے ذریعے اسمگلنگ اور ممنوعہ اشیاء کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ معاشرے کو منشیات اور اسمگلنگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔