Friday, 11 September 2026, 02:49:22 pm
 
برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کا پاکستان میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ
September 10, 2026

برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لیے نجی سرمایہ بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار ادارے کے مینیجنگ ڈائریکٹر Srini Nagarajan نے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے آج اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو بی آئی آئی کی سال دو ہزار چھبیس سے دو ہزار اکتیس کے لیے سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی، جس کے تحت ایشیا اور افریقہ میں کم از کم دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور جنوبی ایشیا اور ابھرتی ہوئی منڈیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم ملک قرار دیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے بی آئی آئی کے مسلسل عزم اور دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

وفد نے موسمیاتی شعبے سے متعلق سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی اور بجلی کی ترسیل سمیت بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری میں بھی ادارے کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔