وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کا پاکستان کی معیشت کی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ہے، جبکہ زرعی پیداوار میں اضافے، زراعت میں جدت، لائیو اسٹاک کی ترقی اور زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر رابطہ اور شراکت داری ضروری ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں زرعی شعبے اور زرعی برآمدات کے فروغ کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی زرعی مصنوعات کے لیے عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے کے لیے مربوط اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں تعینات کمرشل افسران کو موثر کردار ادا کرنے اور کسانوں کو فصلوں کی نگرانی کے لیے دستیاب موبائل ایپ کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے موثر میڈیا مہم چلانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن ناگزیر ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کے زرعی شعبے سے برآمدات پانچ اعشاریہ اٹھارہ ارب ڈالر رہیں، جبکہ چاول، فشریز، حلال گوشت، آلو، تل، تمباکو، آم اور مکئی نمایاں زرعی برآمدات میں شامل ہیں۔
اجلاس میں زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے ویلیو چینز تشکیل دینے، نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی کونسل کو فعال کرنے اور ڈیجیٹل فارمرز ڈائری ایگری سٹیک تشکیل دینے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔