معروف عالم دین ڈاکٹر ذاکر نائیک نے آج(منگل کو) اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔
انہوں نے مسلم اُمہ کو درپیش مسائل اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت اوراہم امور پر بات چیت کی۔
ان سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے مسلم اُمہ کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
ایاز صادق نے دنیا بھر میں اسلام کے امن اور محبت کے پیغام کو پھیلانے میں ڈاکٹر ذاکرنائیک کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیتا ہے اور ملک میں اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس موقع پر کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور ان کی تبلیغی خدمات کا مقصد دنیا بھر میں اسلام کے امن اور محبت کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے اسلام کی حقیقی تعلیمات اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔