Thursday, 31 October 2024, 01:07:04 am
 
پاکستان اور جرمنی کا فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
June 02, 2023

پاکستان اور جرمنی نے فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ مفاہمت وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور اسلام آباد میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔

وزیر اطلاعات نے جرمنی کے سفیر کو پاکستان کی فلم اینڈ کلچر پالیسی اور اس کے تحت دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کی خوبصورت ثقافت اور تہذیب کو پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں فلمسازی کے لیے خصوصی رعایت حاصل کرنی چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے اس یقین کا اظہار کیا کہ برلن میں اقبال گوئٹے آرٹ اینڈ کلچر سینٹر کا قیام دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے سرکاری اور نجی شعبے کے اداروں کے درمیان تعاون سے فلم اور فن اور ثقافت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

مریم اورنگزیب نے پاکستان کی صورتحال پر معروضی اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کرنے پر جرمن میڈیا کی تعریف کی۔

وزیراطلاعات نے سیلاب متاثرین کے لئے 18 کروڑ40 لاکھ یوروجرمنی کی امداد پر شکریہ ادا کیا ماحولیاتی تغیر ات کے مقابلے کے لئے بین الاقوامی کانفرنس میں 8 کروڑ40 لاکھ یوروز کی امداد کی فراہمی کا وعدہ جرمنی کی پاکستان دوستی کا ایک اور ثبوت ہے۔

مریم اورنگزیب نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جو اس وقت چار ارب ڈالر ہے۔

جرمن سفیر نے فلم اور ثقافت کے فروغ کے لیے وزیر اطلاعات کی کوششوں کو سراہا۔