نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ترقی یافتہ ملکوں پر زور دیاہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اس سے متاثر ممالک کو خاطر خواہ گرانٹ فراہم کریں۔انہوں نے آج (ہفتہ) دبئی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس کوپ۔ 28 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی فنانس کیلئے سوارب ڈالر کا وعدہ پورا کیا جاناچاہیے اور اس قسم کی گرانٹس ترقیاتی مالیاتی امداد کے علاوہ ہونی چاہیں۔انوار الحق کاکڑ نے ترقی یافتہ ممالک سے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی کے عزم میں پیشرفت کیلئے قیادت کریں اور ترقی پذیر ممالک کو بھی اس پر عمل کرنے میں مدد دیں۔انہوں نے ماحولیاتی موافقت سے متعلق عالمی ہدف کیلئے ایک لائحہ عمل کی صورت میں درکار نتائج کے حصول کے ذریعے عالمی سطح پر ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے انسانیت کی بقاء کو خطرہ لاحق ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ایک جامع قومی موافقت کا منصوبہ پیش کیا ہے اور Living Indus Initiative بھی شروع کیا جس کا مقصد آب وہوا اور قدرتی تبدیلیوں میں موافقت پیدا کرنا ہے۔