Saturday, 27 July 2024, 04:25:02 am
غزہ،اسرائیلی فضائی حملے میں 8 فلسطینی شہید،متعدد زخمی
March 03, 2024

آج وسطی غزہ کے شہردیر البلاح میں اسرائیلی فضائی حملے میں آٹھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ سال سات اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے تیس ہزار چار سو سے زائد فلسطینی شہید اور اکہتر ہزار سات سو سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، شہدا میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ شہر میں واقع کمالADWAN ہسپتال میں گزشتہ چند روز میں غذا اور پانی کی قلت کے باعث پندرہ بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ادھرخوراک کے حق کے حوالے سے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مائیکل فخری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ محصور غزہ کو پہلے ہی غذائی قلت کا سامناہے اور علاقے میں شدید قحط کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا اسرائیل جان بوجھ کر غزہ میں فلسطینی عوام کو بھوک سے مار رہاہے انہوں نے کہا قحط سے بچنے کے لئے غزہ میں فوری جنگ بندی ضروری ہے انہوں نے کہا اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرنے کیلئے اس پر پابندیاں عائد کی جائیں۔