Saturday, 05 April 2025, 04:06:09 am
 
پاکستان کا مغربی افریقہ اور ساحل کے متنوع چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی حکمت عملی پر زور
April 04, 2025

پاکستان نے مغربی افریقہ اور ساحل کے خطے میں دہشت گردی کے دوبارہ سر اٹھانے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے خطے کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ سنگین خطرات کے پیش نظر مشترکہ عملی اقدامات کے ذریعے مل کر کام کریں۔

اقوام متحدہ میں مغربی افریقہ اور ساحل کے بارے میں سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں قومی بیان دیتے ہوئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کونسل کی توجہ خطے میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کی طرف مبذول کرائی۔

انہوں نے دیگر سیکیورٹی خطرات، بشمول مسلح تنازعات، داخلی بدامنی، سرحد پار منظم جرائم، غیر قانونی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے حوالے سے بھی احتیاط اور چوکسی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جو کہ خطے سے باہر کے ممالک پر بھی منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے مغربی افریقہ اور ساحل کے ممالک کے ساتھ پاکستان کے قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیرالیون، لائبیریا اور کوٹ ڈی آئیوائر سمیت کئی ممالک میں اقوام متحدہ کے کامیاب امن مشنز میں اپنے کردار پر فخر ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی ساحل کے لیے مربوط حکمت عملی (UN Integrated Strategy for the Sahel) میں بتدریج پیش رفت کا خیرمقدم کیا، جو خاص طور پر خوراک کے نظام، تعلیمی اصلاحات، اور نوجوانوں کے روزگار پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو درج ذیل شعبوں پر توجہ دینی چاہیے:* دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف لڑنے کے لیے خطے کے ممالک کو جامع مدد فراہم کی جائے، جس میں سیکیورٹی خدشات اور بنیادی وجوہات دونوں کو حل کیا جائے۔

پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں درپیش چیلنجز باہم جڑے ہوئے ہیں، اس لیے ایک جامع حکمت عملی اور تعاون پر مبنی ماحول کی ضرورت ہے، تاکہ قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی کوششیں پائیدار امن اور استحکام کے مقصد کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکیں۔اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے کہا، پاکستان اس حکمت عملی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔