آج (اتوار)کو یوم شہدائے پولیس منایا گیا جس کا مقصد پولیس اہلکاروں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔
یہ دن منانے کا مقصد قوم کے بہادر جوانوں کی تکریم اوران کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرناہے ۔
یوم شدائے پولیس کے موقع پر ایک پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس کے تمام شہداء کی شاندار قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ شہداء کی تعظیم پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور پنجاب کی حکومت شہدا کے خاندانوں کی بہبود کیلئے تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنی جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔شہدائے پولیس کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے غیرمتزلزل عزم اور صف اوّل کے محافظوں کے طورپر ان کے اہم کردار کی تعریف کی ۔پولیس کی بہادری کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے قوم کے بہتر مستقبل کے تحفظ کیلئے ان کی مسلسل قربانیوں کو اجاگر کیا ۔انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ان شہدا کے خاندانوں کی مدد خاص طور پر ان کے بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ۔
یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے مرکزی تقریب آج پشاور میں ہورہی ہے جس کا مقصد پولیس کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس آپریشنز کاشف ذوالفقار اور خیبرپختونخوا پولیس کے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر شہزادہ کوکب فاروق نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ یوم شہدائے پولیس باوقار اندازمیں منایاجائے گا ۔اس موقع پر خون عطیہ کرنے کے کیمپ بھی لگائے گئے ہیں ۔گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ایڈیشنل آئی جی تک کے عہدے کے پولیس افسران شہید ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے گورنر اور وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی قربانیوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔گورنر نے اپنے پیغام میں کہاکہ قوم مادر وطن کے تحفظ کیلئے پولیس فورس کی خدمات اورقربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا علیٰ امین گنڈا پور نے پولیس کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ حکومت فرائض کی بہترین ادائیگی کیلئے پولیس کو ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔