Tuesday, 07 January 2025, 01:11:23 pm
 
یواے ای کا پاکستان سے شراکت داری کوفروغ دینے کاعزم
January 05, 2025

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے ساتھ کان کنی،معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس دلچسپی کا اظہار متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ رحیم یار خان میں ایک ملاقات میں کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کووسعت دینے کے لئے اپنے مشترکہ عزم کااظہارکیا۔

انہوں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام،موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعددامور پر تبادلہ خیال کیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوامی سطح پر دوطرفہ روابط اورمشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کو جس انداز سے استحکام حاصل ہوا اور اس نے صحیح سمت اختیار کی شیخ محمد بن زائد النہیان نے اس کی تعریف کی۔

اپنے ریمارکس میں وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی ولولہ انگیز قیادت اور پاکستان میں ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے کلیدی شراکت دار کے طور پر اس کے اہم کردار کو سراہا۔

انہوں نے قابال تجدید توانائی، آئی ٹی، تجارت، بنیادی ڈھانچے اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر پاکستان کی آمادگی ظاہر کی۔

وزیراعظم نے مشکل وقت میں خصوصا انسانی اور ترقیاتی امداد کے لئے متحدہ عرب امارات کی غیرمتزلزل حمایت پر اس کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور ترقی کے لئے باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کا اختتام دونوں ممالک کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی شعبوں میں وسیع تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔

دریں اثناء وزیراعظم محمدشہبازشریف نے ایکس پرایک پوسٹ میں کہاکہ متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیاگیاجس میں مل کرآگے بڑھنے کے عزم کا اظہارکیا گیا۔

وزیراعظم نے پاک متحدہ عرب امارات تعاون مزیدمضبوط کرنے اوردوطرفہ تعلقات کوباہمی مفادپرمبنی تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پاکستان کے پختہ عزم کااعادہ کیا۔