وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کیلئے تمام عالمی فورمز پراپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا ۔
انہوں نے آج (پیر) کو تیسرے پہر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے بذریعہ ویڈیولنک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیاتھا۔
وزیراعظم نے کہاکہ سال دو ہزار انیس میں آج کے دن مودی حکومت نے بھارتی آئین کے آرٹیکل تین سو ستر اور پینتیس اے منسوخ کرتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غیرقانونی طریقے سے سلب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیرکشمیریوں کی آباد کاری کی اجازت دی جس سے لاکھوں کشمیری بری طرح متاثر ہوئے۔
شہبازشریف نے پھر کہاکہ وہ دن بہت جلد آئے گا جب کشمیری عوام طلوع صبح آزادی دیکھیں گے ۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے مظالم سے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی حکومت گزشتہ ستتر برس سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے جو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے جذبے کو کمزورنہیں کرسکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی انہوں نے بھارتی قابض فوج کے مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیریوں اور ان کی قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کی سیاسی قیادت کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے آواز اٹھا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کشمیر کے نصب العین اور تمام فورمز پر کشمیریوں کی حالت زار اجاگر کرنے کیلئے پاکستان کی پختہ سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
شہبازشریف نے فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہا ہے اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور رائے کا بھی احترام نہیں کیا۔
وزیراعظم نے تہران میں حماس کے رہنما اسمعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کے امام کی گرفتاری کی بھی مذمت کی۔