Thursday, 09 May 2024, 04:03:00 am
پاکستان اور اوکلوہاماکے مابین تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں:مسعودخان
December 05, 2022

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکی ریاست اوکلاہاما کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اوکلوہاما سٹی کے سالانہ عشائیے کے موقع پر بطور کلیدی مقرر خطاب کرتے ہوئے سفیرپاکستان نے کہا کہ باہمی مفید شراکت داری کو پائیدار ترقی دینے کے لئے کان کنی تیل اور گیس، معدنیات کی صنعت، زراعت، توانائی اور ڈھانچہ جاتی ترقی کے شعبے اس سلسلے میں ٹھوس بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔

سفیرپاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکی ریاست اوکلوہاما کے مابین موجودہ 70 ملین ڈالر کی دو طرفہ تجارت موجود استعداد سے انتہائی کم ہے ،اسے نجی شعبے کے درمیان بہتر نیٹ ورکنگ اور روابط کے ذریعے کئی گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکلوہاما کے گورنر کا وژن اور حکومت پاکستان کی ترجیحات دونوں فریقین کو معاشی شعبے میں قدرتی حلیف بناتی ہیں۔

سفیر پاکستان نے اوکلوہاما کے گورنر کیون سٹٹ کی قائدانہ صلاحیتوں اور ان کے وژن کو سراہا کہ جس کی بدولت اوکلوہاما کا شمار بہتر نظام حکومت، نوکریوں کے مواقع، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے اعتبار سے امریکہ کی دس سر فہرست ریاستوں میں ہوتا ہے۔

اوکلوہاما میں مقیم پانچ ہزار پاکستانیوں اور دیگر اوکلوہاماسے منسلک دیگر امریکی ریاستوں میں مقیم دو لاکھ بیس ہزار پاکستانیوں کے مضبوط نیٹ ورک کا ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ پاکستانی اوکلوہاما کی ترقی کے سفر میں اہم شراکت دار ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر ریاست اوکلوہاما میں مقیم تین سو کے لگ بھگ پاکستانی ڈاکٹروں کی خدمات کا ذکر کیا اور ان کی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

سفیرپاکستان نے اوکلوہاما کی کاروباری برادری اور ریاست میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر، میڈیکل بلنگ ، تشخیص اور ادویات جیسے اہم شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جہاں بروقت اور منافع بخش سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔

سفیر پاکستان نے حالیہ سیلاب سے نمٹنے کے حوالے سے امریکہ انتظامیہ اور امریکی عوام کی جانب سے امداد کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں ا مریکی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے معاونت پاک امریکہ مضبوط تعلقات کی آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد تعمیر نو اور آباد کاری کے مراحل نے اوکلوہاما کے سرمایہ داروں اور کاروباری برادری کے لئے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیداکئے ہیں جن کی بدولت وہ نہ صرف پاکستان کی 22 کروڑ کی مارکیٹ بلکہ سنٹرل ایشیا، مغربی ایشیا اور افریقہ کی مارکیٹ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

گورنر جان کیون سٹٹ نے تقریب سے اپنے خطاب میں ریاست اوکلوہاما کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی ڈاکٹروں اور دیگر پیشوں سے منسلک ماہرین کی خدمات کو سراہا۔ سفیر پاکستان نے گورنر اوکلوہاما کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو کہ انہوں نے بخوشی قبول کی۔

قبل ازیں گورنر جان کیون سٹٹ سے ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے پاکستان اور اوکلوہاما کے مابین معاشی شراکت داری کو مضبوط بنانے خصوصاً کلین انرجی جیسے ترجیحی شعبوں کے حوالے سے مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی۔

تقریب میں امریکی حکام، کاروباری افراد، مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔