وزیراعظم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے آئندہ بجٹ میں خاطرخواہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بات آج(منگل) اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبوں کے لئے بجٹ تجاویز پر غور کیا گیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں نئی بجٹ تجاویز سے ملازمت کے نئے مواقع پیدا ہوںگے جبکہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز آئی ٹی کمپنیوں کے لئے ٹیکس مراعات یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم نے ٹیلی کام کے شعبے کو خوش اسلوبی سے چلانے اور ترقی دینے کیلئے مقامی سطح پر فائبر کیبل پروڈکشن کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے آئی ٹی کے شعبے کو اگلے سال اس کی برآمدات ساڑھے چار ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف دیا۔
اجلاس میں ملک کی آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لئے مقررہ ٹیکس نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فورم نے آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں نوجوانوں کے ہنر کو ترقی دینے اور آئی ٹی کے خصوصی تربیتی زونز کے قیام کیلئے ایک خصوصی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔