آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارت اپنے غیرروایتی جنگی ہتھکنڈوں کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کر کے علاقے میں انتشار پھیلانے کی سازشیں کر رہا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار مظفرآباد میں آزادجموںوکشمیر پولیس کے ساٹھویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں مزید اضافے کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔
چوہدری انوارالحق نے حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر پولیس کی تعریف کی۔
انہوں نے غیرقانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر اس نے مظالم کا یہ سلسلہ جاری رکھا تو اسے اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے سرکاری وسائل کے بھرپور استعمال کے عزم کا اعادہ کیا۔