صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور کے علاقے متنی، بائیزئی مہمند اور کرک کے اضلاع میں خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرکارروائی میں انیس خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ۔
انہوں نے تین بہادر سیکورٹی اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے کارروائیوں کے دوران جام شہادت نوش کیا۔
صدر نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ان کا ملک سے مکمل صفایا نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحدہے۔
وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا امن و امان تباہ کرنے والے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا جائے گا۔