چترال زیریں کے ڈپٹی کمشنر محمد علی خان نے کہا ہے کہ ضلع میں امن وامان کی صورتحال معمول پر ہے اور سیاح کسی خوف کے بغیر کسی بھی سیاحتی مقام کی سیر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے دفتر سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر اکرام اللہ خان کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقے میں ایف سی، پولیس اور لیویز اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز نے کامیابی سے حملہ پسپا کردیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع چترال میں زندگی معمول پر ہے اور کاروباری مراکز، سکول، جامعات اور ہسپتال معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی مدد کیلئے لوگ پولیس اور لیویز فورس کے شانہ بشانہ ہیں۔