وزیراعظم شہبازشریف نے دانش یونیورسٹی کو تکنیکی اور ایپلائیڈ سائنسز کی بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے آج (منگل) اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی آف ایپلائیڈ اینڈا یمرجنگ سائنسز کی راہبر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں طلبہ کو مصنوعی ذہانت،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایچ آر کے شعبوں میں تعلیم دی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے پاکستان کوواپس کئے گئے 190ملین پاؤنڈزکی رقم کی سپریم کورٹ سے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقلی پرچیف جسٹس پاکستان کاشکریہ اداکیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ رقم دانش یونیورسٹی کی تعمیرپرخرچ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں تحقیق اور ترقی کے مراکزبھی قائم کئے جائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ یونیورسٹی میں دانش سکولز کے طلبہ کیلئے الگ ونگ قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی شہرت کے حامل دانشوروں اور مضامین کے ماہر اساتذہ کرام کو بھرتی کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ملک میں ہونہار طلبہ کو معیاری تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی کے لئے اسلام آباد میں زمین کے حصول کے لئے قانونی تقاضے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ایک ایسی درسگاہ ہو گی جہاں مستحق اور ذہین طلبہ کو اعلیٰ درجے کی تحقیق پر مبنی تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی کا نصاب جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا جائے۔
انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی اوربورڈ آف ٹرسٹیز کی نامزدگیوں کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی کی عمارت میں سادگی کا عنصر نمایاں ہواور عمارت پر کوئی غیر ضروری خرچ نہ کیا جائے تاکہ لاگت کم سے کم ہو۔
وزیراعظم کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کے لئے سیکٹر ایچ 16 میں زمین کا انتخاب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے یونیورسٹی کے قیام کیلئے قیمتی آراء دینے پر وفاقی وزراء کا بھی شکریہ ادا کیا۔