Saturday, 27 April 2024, 02:28:11 am
غزہ کی پٹی پراسرائیلی فضائی حملے،9بچوں سمیت 22فلسطینی شہید
May 11, 2021

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں نوبچوں سمیت کم ازکم بائیس فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔فلسطین کی وزارت صحت نے ان حملوں کی تصدیق کی ہے ۔ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا تاہم فوری طورپر کوئی بیان جاری نہیں کیا اس حوالے سے سفارتکاروں کاکہنا ہے کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ باضابطہ بیانات نقصان دہ ثابت ہوںگے ۔اقوام متحدہ میں امریکی مشن کے ترجمان کے مطابق امریکہ سلامتی کونسل کی جانب سے کشیدگی میں کمی لانے کے کسی بھی اقدام کو یقینی بنانے کیلئے تعمیری کردارادا کررہا ہے ۔مختلف حکومتوں اور عالمی اداروں نے حالیہ قتل وغارت پربیانات کے ذریعے شدید تشویش کااظہار کیا اور تشدد کے خاتمے کامطالبہ کیا ہے ۔

ادھر امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ نے اسرائیل اور فلسطینیوں پرزوردیا ہے کہ کشیدگی کو جلد سے جلد کم کریں۔ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں اسرائیلی سفارتخانے اوراستنبول میں اسرائیلی قونصلیٹ کے باہر ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے خلاف حالیہ اسرائیلی تشدد کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ۔استنبول میں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھائے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔