پیرس اولمپکس دوہزار چوبیس میں '' جیولین تھرو،، میں عالمی ریکارڈ قائم کرکے سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے اتھیلٹ ارشد ندیم کا آج (اتوار) آبائی علاقے میاں چنوں پہنچنے پر والہانہ استقبال کیاگیا ۔ہزاروں افراد نے جمع ہوکر ان کی کامیابی کا جشن منایا، لوگوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور ارشد ندیم زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔لاہور سے میاں چنوں کے سفر کے دوران لوگوں نے ہرشہر اور قصبے میں ارشد ندیم کا گرمجوشی سے استقبال کیا ۔اس سے پہلے لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال، وزیرمملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ ، پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری ، پنجاب کے وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اوروزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمدنے ان کا استقبال کیا ۔ارشد ندیم کے اہل خانہ جو خصوصی پروٹوکول میں اپنے گائوں سے لاہور آئی تھی بھی حکام کے ہمراہ استقبال میں شریک ہوئی۔