وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا ایک وفد عیدالفطر کے بعد اسلام آباد پہنچے گا جس میں وہ سعودی ولی عہد اور وزیر خارجہ کے آئندہ دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کرے گا۔
بدھ کے روز ملتان میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورے کو انتہائی تعمیری قرار دیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد نے ایک معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت سعودی پاکستانی اعلیٰ رابطہ کونسل قائم کی جائے گی جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی اور ڈھانچہ جاتی پلیٹ فارم فراہم ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے تمام شعبوں خصوصاً توانائی، تعاون، معاشی تعلقات، سرمایہ کاری اور روز گار کے مواقع کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ملک میں بنیادی ڈھانچے، آبی وسائل اور پن بجلی منصوبوں کی ترقی کیلئے سعودی ترقیاتی فنڈ سے پاکستان کو پچاس کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی کے وزیر خارجہ میولوت CAVUSOGLU کے ساتھ اُن کی ٹیلی فون پر بات چیت میں تجویز دی گئی تھی کہ ترکی فلسطین کے مسئلے پر مسلم اُمہ کی آواز کو موثر طور پر اٹھانے کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کا اعلیٰ سطح کا ہنگامی وزارتی اجلاس بلائے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین میں صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس بلانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔