Wednesday, 16 October 2024, 08:19:51 am
 
نوجوانوں کا آج عالمی دن منایا جا رہا ہے
August 12, 2024

نوجوانوں کا آج (پیر) عالمی دن منایا جا رہا ہے، رواں سال اس دن کا موضوع ہے ''ڈیجیٹل شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتیں پائیدار ترقی کا اہم ذریعہ''صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں نوجوانوں کیلئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کا عزم کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی قیمتی سرمایہ ہیں جو مستقبل کے معمار اور رہنما ہیں۔انہوں نے کہا یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ایک خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لئے انہیں وسائل اور مواقع مہیا کرے۔صدر نے ہر نوجوان پاکستانی پر زور دیا کہ وہ دستیاب مواقع سے استفادہ کریں اپنی سوچ میں وسعت لائیں اور ملک کی بہتری کیلئے انتھک کام کریں۔وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میںکہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ' کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ حکومت ان اقدامات کو توسیع دینے کی خواہاں ہے اور رواں سال ملک بھر کے تین لاکھ کاروباری نوجوانوں کے لئے اضافی ایک سو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔