Thursday, 02 January 2025, 05:39:29 pm
 
صحت کے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جارہا ہے، وزیراعظم
December 30, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے سمیت صحت کے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جارہا ہے تاکہ صحت عامہ کے عمل کو جدید خطوط پراستوار کرتے ہوئے بہتر نتائج حاصل کئے جائیں۔

انہوں نے یہ بات آج (پیر کو )اسلام آباد میں انسداد پولیو کی قومی ٹیم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اوراس مسئلے کے حل کیلئے مزید مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو کی مہمات کو مزید موثر بنانے کیلئے اس دوران پولیو سے متاثرہ علاقوں میں متعلقہ افراد کے دوروں کا باضابطہ شیڈول مرتب کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو ورکرز کے تحفظ پرہرگز سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کیئے جائیں۔شہبازشریف نے انسداد پولیو ٹیم کو بتایا کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے انھیں خط لکھا ہے اور پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اوراس مہم میں حصہ لینے والے تمام پولیو ورکرز کی انتھک کوششوں کوسراہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان بل گیٹس فائونڈیشن اورتمام قومی اوربین الاقوامی شراکت داروں کی صحت کے شعبے اورپاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں میں مدد اور تعاون پر ان کی مشکور ہے ۔

وزیراعظم کو بتایاگیا کہ انسداد پولیو مہم کو مقامی افرادکے تعاون سے کامیاب بنایا جارہاہے۔