قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے قابل تجدید توانائی کے فروغ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
انہوں نے آج (پیر) کو اسلام آباد میں صنفی مساوات اورسرسبز معیشت کے عنوان سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صنفی مساوات اور سرسبز معیشت روشن مستقبل کیلئے لازم وملزوم ہیں۔
سپیکر نے کہاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی کوششیں کرنے کیلئے پرعزم ہے اور ملک میں قانون سازی اور پالیسی اقدامات پرعملدرآمد ہمارے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایاز صادق نے کہاکہ حکومت نے صنفی بنیاد پرتشدد کے خاتمے ، کام کرنے کی جگہوں پر یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنانے اورخواتین کیلئے سماجی واقتصادی اورسیاسی مواقع بڑھانے کیلئے بھی قانون سازی کی ہے ۔