Tuesday, 08 October 2024, 08:13:57 pm
 
وزیراعظم نے سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی شرح میں دو فیصد کمی کو خوش آئند قراردیا
September 12, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سٹیٹ بنک کی جانب سے اعلان کردہ پالیسی ریٹ میں دو فیصد کمی سے ملک کے کاروباری طبقے اور معیشت کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پالیسی ریٹ اب انیس اعشاریہ پانچ فیصد سے کم ہو کر سترہ اعشاریہ پانچ فیصد ہوگیا ہے جو خوش آئند ہے انہوں نے کہاکہ معیشت بتدریج بہتر ہورہی ہے ۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف سے بات چیت میں مثبت پیشرفت ہورہی ہے ۔

وزیراعظم نے پاکستان کی بھرپور مدد کرنے پر دوست ممالک کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے ملک کو قرضوں سے نجات دلانے اوراسے اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔

شہبازشریف نے کہاکہ حکومت بجلی کے شعبے اورایف بی آر میں اصلاحات پر بھرپور انداز میں کام کررہی ہے ۔

نہتے فلسطینیوں پراسرائیل کی جاری بربریت اور مظالم کے بارے میں وزیراعظم نے ایک بار پھر فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اوراسے انسانی تاریخ کا ایک سیاہ باب قراردیا ۔

وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت پرعالمی ضمیر کی خاموشی پرمایوسی کااظہار کیا اور کہا کہ ان مظالم کو بندکروانے کیلئے عالمی برادری کے ضمیر کوجاگنا چاہیے۔