عیدمیلادالنبیۖ کے سلسلے میں آج نیشنل براڈکاسٹنگ ہاؤس اسلام آباد میں آل پاکستان سالانہ نعت خوانی کی اختتامی تقریب ہوئی۔
ریڈیوپاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے مشترکہ طور پر تقریب کا اہتمام کیاتھا۔
قومی سطح کی اس تقریب میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنیوالے نعت خوانوں نے حصہ لیا۔
مقابلہ پندرہ سال سے کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں اور پندرہ سال سے زائد عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں سمیت چار کیٹگریز میں ہوا۔
پندرہ سال سے کم عمر کی لڑکوں کی کیٹگری میں کوٹلی آزادکشمیر کے شایان اسلام نے پہلی پوزیشن، بلوچستان کے رحمت اللہ نے دوسری اور پنجاب کے حسان حسین سلطانی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پندرہ سال سے کم عمر کی لڑکیوں کی کیٹگری میں پنجاب کی آمنہ عامر نے پہلی، آزادکشمیر کی عائشہ محبوب نے دوسری اور خیبرپختونخوا کی کشمالہ اعجاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پندرہ سال سے زائد عمر کے لڑکوں کی کیٹگری میں پنجاب کے علی حنین نے پہلی، آزادکشمیر کے ارسلان فاروق نے دوسری جبکہ خیبرپختونخوا کے دانیال احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پندرہ سال سے زائد عمر کی لڑکیوں کی کیٹگری میں سندھ کی سمعیہ نور پہلے نمبر پر رہیں، پنجاب کی مسکان زہرہ دوسرے جبکہ خیبرپختونخوا کی عجوہ تبول تیسرے نمبر پر رہیں۔
جیتنے والوں اور شرکاء کو سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات دیئے گئے۔
پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو پینتیس پینتیس ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو پچیس پچیس ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے گئے۔
دیگرتمام شرکاء کو پندرہ پندرہ ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے گئے۔
آخر میں سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اور ریڈیوپاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے پوزیشن حاصل کرنیوالوں اور حصہ لینے والے نعت خوانوں میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔