Tuesday, 08 October 2024, 08:56:31 pm
 
صدرکاعالمی بحری تنظیم کے قواعدوضوابط کی پاسداری کے عزم کااظہار
September 12, 2024

صدرآصف علی زرداری نے سمندری آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل کے حل کے ذریعے اپنے بحری ماحولیاتی نظام اور ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بین الاقوامی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل ARSENIO ANTONIO DOMINGUEZ VELASCO سے آج اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔

صدر نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کر رہا ہے اور اپنے بحری ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آئی ایم او کے تعاون اور مہارت کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

صدر نے پاکستان کی جانب سے بحری تحفظ، سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے آئی ایم او کے قواعد و ضوابط اور معیارات کی پاسداری کرنے کا پختہ عزم ظاہر کیا۔سیکرٹری جنرل نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے بحری شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں اور بین الاقوامی بحری تنظیم ایک موثر اور پائیدار بحری صنعت کے فروغ اور اشتراک عمل بڑھانے میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گی۔