Friday, 14 March 2025, 12:51:07 am
 
قومی اسمبلی میں جعفرایکسپریس پرحملے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور
March 13, 2025

قومی اسمبلی میں آج (جمعرات) ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے،لوگوں کی زندگیوں اور امن کو خطرے میں ڈالنے کے دہشتگردی کے تمام واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔

وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں شہریوں کی جانوں اور پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کیلئے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم،بہادری اور قربانیوں کو سراہا گیا۔

ایوان نے ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایوان نے لوگوں سے بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہونے،ا نتہا پسندی کو مسترد کرنے اور آئندہ نسلوں کیلئے امن،تحفظ اور خوشحالی یقینی بنانے پر زور دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں جعفرایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور بڑی تعداد میں مسافروں کو محفوظ طریقے سے بچانے پر بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی نظریہ یا مذہب نہیں ہے اور انہیں بعض بیرونی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے جو صرف بے گناہ افراد کو نشانہ بنانا اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے دہشتگردوں کو ایک بار پھر شکست دینے کیلئے سیاسی صفوں میں اتحاد و یکجہتی اور اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد اور اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔