Tuesday, 30 April 2024, 01:14:22 pm
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کی بس پر فائرنگ،9مسافر جاں بحق
April 13, 2024

آج صبح بلوچستان کے ضلع نوشکی میں قومی شاہراہ پر دہشت گردوں نے ایک مسافر بس پر فائرنگ کی جس سے نو مسافر جاں بحق ہو گئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک بیان میں اس المناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار و اقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کی۔وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نوشکی کے المناک واقعے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے المناک واقعے پر شدید دکھ اور رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں اور ایک قومی ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت پھیلانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔