Thursday, 16 May 2024, 01:08:32 pm
وزیراعظم کا ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا مکمل کرنے کا عزم
April 29, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان سخت محنت کے ذریعے اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرلے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار آج(پیر) کو ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ترقی کیلئے عالمی شراکت داری اور توانائی کے بارے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے جو مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں ۔

وزیراعظم نے ملک کے اقتصادی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہمارا بجلی کا شعبہ مشکلات کا شکار اور مالی شعبہ بوسیدہ ہوچکا ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر ادارہ جاتی اصلاحات کی ہیں ۔

انہوں نے ملکی معیشت کی مدد کیلئے سعودی عرب ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور امریکی قیادت کا شکریہ اداکیا ۔

 موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد بھی نہیں ہے جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دوہزار بائیس کے بدترین سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو تیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔

شہبازشریف نے امتحان کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی عرب، برطانیہ ، خلیجی ممالک اور امریکہ سمیت تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا ۔

فلسطین کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نے کہاکہ غزہ میں مستقل امن قائم کیئے بغیر دنیا میں امن نہیں ہوسکتا۔