وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کااظہارکیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کرنے آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نئے قرض پروگرام سے معاشی استحکام آئے گا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم ملک کو استحکام سے مضبوط اور پائیدار معاشی بحالی کی طرف لے جانے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان قرضوں سے نجات حاصل کرے گا اور معاشی خوشحالی آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کی اقتصادی بنیادوں کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی وخوشحالی کی راہ ہموار کرنے کیلئے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پرکام کررہی ہے۔
انہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کثیر جہتی اقدامات کے ذریعے اقتصادی ترقی کے سفر میں منزل کو حاصل کیا جائیگا۔