وزیر تجارت جام کمال خان نے صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے درآمدات کے بجائے مقامی سطح پر تیار کی جانے والی مصنوعات کی حمایت کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کااظہار آج(بدھ کو) پاکستان میں جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیرWADA MITSU HIRO سے ملاقات کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے گاڑیوں کے شعبے بالخصوص الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوج کوفرو غ دینے میں جاپان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔
جاپان کی کوششوں کااعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مستقبل میں پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے قوی امکانات ہیں۔
جام کمال خان نے جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات بالخصوص ٹیکنالوجی اور صنعتی علم کے تبادلے میں روابط کوبھی سراہا جس سے دونوں ملکوں نے مسلسل استفادہ کیا ہے۔
جاپان کے سفیر نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون جار ی رکھنے کے خواہشمند ہیں۔