پاکستان اورآذربائیجان نے معیشت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون، عوامی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تذویراتی شراکت داری مضبوط بنانے کا عزم ظاہرکیا ہے ۔
اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کے درمیان آج(بدھ کو) باکو میں عالمی رہنماؤں کے موسمیاتی لائحہ عمل کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران کیاگیا۔
شہبازشریف نے سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک دیتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے آذربائیجان کے صدر کے وژن اور عزم کوسراہا ۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کے تبادلے اور قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی امید ظاہرکی ۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور دیگر علاقائی وعالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔