Saturday, 21 December 2024, 09:03:09 pm
 
آئی ٹی سیکٹرسےمکمل استفادہ کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،وزیر خزانہ
December 13, 2024

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے مکمل استفادہ کرنے کیلئے پالیسیوں کے تسلسل اور ہدفی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

 وہ جمعہ کے روز اسلام آباد میں آئی ٹی برآمدات سے حاصل ہونے والے ترسیلات زر سے متعلق وزیراعظم کی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میںآئی ٹی برآمدات سے حاصل ہونے والی ترسیلات زر کے فروغ کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کی اقتصادی شرح نمو میں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی آئی ٹی کی صنعت کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آ ئی ٹی کا شعبہ برآمدات کی ترسیلات زر سے غیرملکی زرمبادلہ حاصل کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ آ ئی ٹی کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور محصولات کا ایک بڑا حصہ وصول نہیں ہو رہا۔

اجلاس میں ٹیکس وصولی کے طریقہ کار کو آسان بنانے، فری لانسرز کو ٹیکس استثنیٰ دینے اور دودراز علاقوں کے کارکنوں کے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سٹیٹ بینک کے گورنر نے اجلاس کو ان مسائل سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جن میں اکاؤنٹ کھولنے کے طریقہ کار میں یکسانیت اور شکایات کے حل کے نظام میں بہتری شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے آئی ٹی کے شعبے کو مستحکم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا جس کا معیشت میں اہم کردار ہے۔