صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع کیچ اور ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں انتہائی مطلوب سرغنہ سمیت چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کوسراہا۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جو عناصر امن و امان کو بگاڑنے میں ملوث ہیں انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
انہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کچلنے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔