Saturday, 21 December 2024, 09:03:07 pm
 
سمارٹ ویلج پراجیکٹ سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا ،شزہ فاطمہ خواجہ
December 15, 2024

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سمارٹ ویلج پراجیکٹ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

سیالکوٹ کے گاؤں RORAS میں ایشیاء کے پہلے سمارٹ ویلج پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ آزمائشی منصوبہ حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمارٹ ویلج پراجیکٹ کا مقصد دیہی اورشہری علاقوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کرنا ہے تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو اور وہ صحت و تعلیم سمیت روزمرہ کے امور باآسانی حل

کرسکیں۔

انہوںنے کہا کہ ڈیجیٹل ویلج سنٹر میں ایک سو لڑکوں اور لڑکیوں کو کاروبار اور کمپیوٹر کا ہنر سکھانے کی تربیت دی جائے گی جس سے ان کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ایشیاء بحرالکاہل کے ممالک میں پہلا ملک ہے جہاں ای ویلج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سمارٹ ویلج پراجیکٹ ملک کے دیگر شہروں میں بھی جلد شروع کئے جائیں گے۔